اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میڈیا کا کردار ریاست کے چوتھے ستون کا ہے، رپورٹنگ انتہائی ذمہ داری سے کرنی چاہئے، عدالت میں بعض اوقات غیر ضروری بحث اور سوالات بھی ہوتے ہیں، غیر ضروری بحث کو رپورٹ کرنے سے بعض اوقات اصل کیس سے بات ہٹ جاتی ہے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ میڈیا پر ٹاک شوز میں تمام ڈسکشن عدالتی فیصلوں پر نہیں ریمارکس پر ہوتی ہے، آپ کے پاس ایک طاقت ہے کہ لوگوں کو عدالتی کارروائی سے متعلق بتائیں، جوڈیشری کا کام فیصلے کرنا ہے، جب فیصلہ سائن ہو جاتا ہے تو وہ پبلک ڈومین میں آ جاتا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عدالتی فیصلوں پر ضرور تنقید کریں، حقائق کو درست انداز میں رپورٹ کریں، ہم بھی جوابدہ ہیں، یہ نہیں کہتا کہ سارے فیصلے درست ہوتے ہیں، غلطیاں ہوتی ہیں تو فیصلے سپریم کورٹ تک جاتے ہیں، ہر ادارے کا اپنا دائرہ اور اپنا احترام ہے۔