گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی رضوانہ ایک بار پھر ہسپتال داخل

Published On 20 February,2024 02:57 pm

لاہور: (ویب ڈیسک/دنیانیوز ) اسلام آباد میں گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی سرگودھا کی رضوانہ کو دوبارہ لاہور جنرل ہسپتال (ایل جی ایچ) میں داخل کرادیا گیا جہاں اس کے بازوؤں کی الائنمنٹ کے علاوہ چہرے اور سر کے زخموں کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق جنرل ہسپتال لاہور کے پرنسپل پروفیسر فرید الظفرکا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ کل رضوانہ کا طبی معائنہ کرے گا، معائنے کے دوران رضوانہ کے بازوؤں کی الائنمنٹ چیک کی جائے گی، چہرے اور سر کے زخموں کو بھی دیکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ رضوانہ کو بازوؤں کی سرجری کے لیے ہسپتال میں داخل کیا جاسکتا ہے،کل بورڈ بیٹھے گا تو فیصلہ کرے گا کہ ابھی داخل کرنا ہے یا نہیں۔

رضوانہ کو گزشتہ سال جولائی میں اس وقت ہسپتال لایا گیا تھا جب اسلام آباد کے ایک سول جج اور اس کی اہلیہ سمیت ان کو اپنے گھر میں ملازمت پر رکھنے والے دیگر افراد پر کمسن لڑکی کو غیر انسانی تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا گیا تھا۔

رضوانہ کو جب لاہور جنرل ہسپتال لایا گیا تھا تو اس کی حالت تشویشناک تھی اور اس کے اندرونی اعضا متاثر تھے، علاج کے دوران بچی کی آکسیجن کی سطح غیر مستحکم رہی اور بعض اوقات اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہو جاتی تھی۔

ڈاکٹروں اور نرسوں نے 120 دن تک رضوانہ کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دیے تھے جس کے نتیجے میں اس کی حالت کافی بہتر ہوگئی تھی۔