پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج طلب، نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے

Published On 23 February,2024 02:11 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج طلب کر لیا گیا، پہلے سیشن میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب بھی آج ہی ہو گا۔

گورنر بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج بروز جمعۃ المبارک صبح 10 بجے طلب کیا ہے، اجلاس کی صدارت سپیکر سردار سبطین خان کریں گے، اس دوران عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے جس کے بعد وزیر اعلیٰ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہو گا، سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اور سندھ کی سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستیں مختص کر دی گئیں

پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل مسلم لیگ (ن) پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہو گا، اجلاس آج صبح 9 بجے اسمبلی چیمبر میں طلب کیا گیا ہے، جس میں اسمبلی اجلاس کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اجلاس کی صدرات نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کریں گی، اس موقع پر پہلی مرتبہ بطور ممبر پنجاب اسمبلی آمد پر مریم نواز کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔