راولپنڈی: (دنیا نیوز) بسنت میلہ کے دوران ڈور پھرنے، چھتوں سے گرنے، گولیاں لگنے سے بچوں سمیت زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 40 ہو گئی۔
مختلف علاقوں میں 14 سے 15 افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث 260 افراد کو گرفتار کر لیا، پولیس نے 15 ہزار پتنگیں، 11 پستول اور ساؤنڈ سسٹم قبضے میں لے لئے۔
7 سالہ عبداللہ راول روڈ پر کیمیکل ڈور گردن اور ہاتھ پر پھرنے سے زخمی ہوگیا، 10 سالہ مصطفیٰ کا کیمیکل ڈور کے باعث ہاتھ کٹ گیا۔
راول روڈ پر 14 سالہ شہیر اور 13 سالہ عبدالرافع ہاتھوں پر ڈور پھرنے سے زخمی ہو گئے، 45 سالہ نورزادہ کیمیکل ڈور ٹانگوں پر پھرنے سے زخمی، 48 سالہ محمد امتیاز چہرے اور ہاتھ پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں بسنت منانے پر پابندی عائد کر دی
قاتل ڈور کے ہاتھوں 22 سالہ رجب، 12 سالہ صفیان، 10سالہ محمد اسماعیل، 7 سالہ ہادی بھی زخمی ہو گئے، 13سالہ فاطمہ اندھی گولی لگنے سے زخمی ہوئی، 10سالہ مجاہد، عبداللہ اور محمد امجد بھی اندھی گولیوں کا نشانہ بنے۔
ڈھوک رتہ میں 71سالہ صدیق گولی لگنے، 6 سالہ حسیب ڈور پھرنے سے زخمی ہوا، راجہ بازار میں 11 سالہ حمزہ، 18 سالہ عمر چھتوں سے گر کر، 19 سالہ ذیشان ڈور پھرنے سے زخمی ہوا۔
ڈھوک حسو میں 18 سالہ ساجد ڈور پھرنے، ہزارہ کالونی میں 16 سالہ حمزہ گولی لگنے سے زخمی ہوا، محلہ اکال گڑھ میں 20 سالہ فیض اندھی گولی لگنے، 10 سالہ صائم عباس چھت سے گر کر زخمی ہو گیا۔
تمام زخمیوں کو بے نظیر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بے نظیر ہسپتال کی ایمرجنسی میں زخمیوں کے رش کے باعث عام افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا۔