ظفروال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ مریم نواز کے وزیراعلیٰ بننے پر عوام سے کئے وعدوں کی تکمیل کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔
مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے ڈیرہ مشتاق خان باغ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں عوام نے تقسیم شدہ مینڈیٹ دیا، مسلم لیگ ن کو پنجاب میں اکثریت ملی اور مرکز میں مخلوط حکومت بنانا پڑی۔
احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز کی بطور وزیراعلیٰ تقرری کے بعد انقلابی کام کریں گے، پاکستان میں پی ٹی آئی کو تین صوبوں نے مسترد کردیا، پی ٹی آئی کو صرف کے پی کے میں مینڈیٹ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کامیاب نمائندگان قومی اسمبلی میں مثبت کردار ادا کریں، ملک میں پی ٹی آئی نے انتشار، افراتفری پھیلانے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا، پاکستان کے امن و سکون اور استحکام کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری نے مزید کہا کہ ملک کو معاشی چیلجنز کا سامنا ہے، ملکر سب نے گرداب سے نکالنا ہے، ملک میں صنعت، زراعت اور برآمدات کو بڑھانا ہے، ملک میں انتشار پھیلانے والے دشمن کے آلہ کار ہوں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا بانی پی ٹی آئی کا دعویٰ ملک کے ساتھ دشمنی ہے، یہ امداد رکوانے کی کوشش دوسری بار کی گئی۔