لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے سینیٹ میں قائد ایوان اسحاق ڈار نے ملاقات کی۔
گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں صوبہ پنجاب کے معاملات اور مسائل بالخصوص سکول سے باہر بچوں کے مسئلے، تعلیم اور یونیورسٹیوں سمیت مختلف معاملات پر گفتگو ہوئی، اس موقع پر نئی بننے والی وفاقی حکومت کے حوالے سے بھی مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی نظریں نئی حکومتوں کی کاکردگی پر مرکوز ہیں، نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب تیزی سے۔ترقی کرے گا،امید ہے سینیٹر اسحاق ڈار اپنی سابقہ روایات کے مطابق انتہائی محنت سے ملک کی خدمت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے آنے والی وفاقی حکومت ملک کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، دعا ہے ہم انتشار اور فساد سے بچتے ہوئے اپنی توجہ تعلیم، رفاہ عامہ اور معاشرتی اصلاح کی طرف کریں،سینیٹ میں تمام صوبوں کی برابر نمائندگی قومی مزاج کو پروان چڑھاتی ہے۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے گورنر پنجاب کو اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کرنے پر مبارکباد بھی دی۔