کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے بریفنگ کے دوران لیک ہونے والی آڈیو کی تصدیق کر دی۔
مصطفیٰ کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری آڈیو اتوار کے روز رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ریکارڈ کی گئی، ہمیں شک تھا رابطہ کمیٹی میں ایم کیو ایم لندن کیلئے کوئی کام کرتا ہے، آڈیو ریکارڈنگ سے معلوم ہو گیا ایم کیو ایم لندن کیلئے جاسوسی کون کر رہا ہے؟۔
واضح رہے کہ حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ (ن) سے مذاکرات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے اجلاس میں مصطفیٰ کمال کا لیک ہونے والی آڈیو میں کہنا ہے کہ (ن) لیگ سے مذاکرات کیلئے پہنچے تو لگا جیسے بن بلائے گئے، جیسے کوئی دروازہ کھول کر اندر آجائے تو آپ بولتے ہیں کہ اچھا آجاؤ۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی سے مذاکرات پر اعتماد میں نہیں لیا، الٹا کہا کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے ایم کیو ایم کا مینڈیٹ 100 فیصد جعلی ہے اس لیے ایم کیو ایم سے بات کرنے کی ضرورت نہیں۔