مخصوص نشستیں نہ ملیں تو عدالت جائیں گے: شیر افضل مروت

Published On 27 February,2024 02:59 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز ) پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اگر ہمیں مخصوص نشستیں نہ ملیں تو ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نےاسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عطا تارڑ کا فتویٰ ہم نے سن لیا ہے جسے ہم مکمل طور پر رد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن ہمیں مخصوص نشستیں نہیں دیں گے جو بادی النظر میں نظر آرہا ہے تو ہم ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا پہلے دن تھانے کا چکر لگانے سے کاش! انہیں احساس ہوکہ پولیس کیا کر رہی ہے، پنجاب پولیس تو ان کی اپنے بندوں پر مشتمل فورس ہے ۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دو سال میں پولیس نے پی ٹی آئی کا حشر نشر کیا ہوا ہے، ایسے تھانوں کے دوروں سے کچھ نہیں ہوتا جب تک پولیس کا نظام ٹھیک نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں صدیوں پرانا پولیس کا نظام ہے، پنجاب ایک پولیس سٹیٹ ہے، پنجاب میں انسانی حقوق کو ہمشہ سے پامال کیا جاتا رہا ہے جو افسوسناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دو سال سے ان کی حکومت ہے، انہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ انسانی حقوق کو پامال کیا گیا، تھانوں کے دوروں سے اہم انسانی حقوق کی اہمیت کے بارے میں معلومات ہونا  ہے۔