لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما و نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کے وزیراعلیٰ بننے پر تحریک فساد والے بہت تکلیف میں ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے اچھے عمل پر بھی تنقید کی جارہی ہے، سر پر دوپٹے کا تقدس ماؤں ،بہنوں اور بیٹیوں والے سمجھ سکتے ہیں، خدا کیلئے اپنی تعصب کی عینک اتاریں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نام لینے والا لیڈر دوپٹہ لے کر لوگوں کی نقل اتارتا تھا، آپ کی ٹریننگ بدتمیزی ،فاشزم اور گالی گلوچ کی ہوئی ہے، ان کے پاس اپنے کام بتانے کیلئے کچھ نہیں ہے، منفی پراپیگنڈا کرنے والوں کو بری طرح ناکامی ہوئی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ رانا آفتاب نے پتہ نہیں اپوزیشن لیڈر بننا بھی ہے یا کسی اور کی باری آجانی ہے، اسلم اقبال باہر نہیں آرہے اس لیے رانا آفتاب کی لاٹری لگ گئی ہے، آپ جو کام 20سال میں نہیں کرسکے وہ مریم نوازچند ہفتوں میں کرنے جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایئر ایمبولینس چند ہفتوں میں آئے گی اور کام کرتی نظر بھی آئے گی، یہ دیدہ دلیری سے بتارہے ہیں کہ ہم ایئرایمبولینس کا 2003ء سے سوچ رہے تھے، جو آپ نہیں کراسکے مریم نواز اب وہ کام کرکے دکھائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے گھر کی دہلیز پر رمضان پیکیج ملے گا، مریم نواز ہر کام کیلئے ڈیڈ لائن دے رہی ہیں اور اس پر عمل بھی کرائیں گی، آج مریم نواز نے صحت کی سہولیات،صفائی کی صورتحال پر بریفنگ لی۔