ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، شہباز شریف وزیراعظم، ایاز صادق سپیکر نامزد

Published On 28 February,2024 04:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔

پارلیمانی پارٹی نے قائد محمد نوازشریف اور صدر شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، پارلیمانی پارٹی نے نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت پر قرار داد بھی منظور کرلی، پارلیمانی پارٹی میں دو قراردادیں منظوری کے لئے پیش کی گئی تھیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم کے لئے شہباز شریف کا نام پیش کردیا گیا، پارلیمانی پارٹی نے شہبازشریف کے نام کی توثیق کردی۔

پارلیمانی پارٹی نے قائد نوازشریف اور صدر شہباز شریف کو ڈائس بجا کر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد نے شہبازشریف کو وزیراعظم اور ایاز صادق صادق کو سپیکر قومی اسمبلی بنانے کا اعلان کر دیا۔

ن لیگ کے قائد نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آتے ہی معیشت کو ٹھیک کریں گے کیونکہ معیشت سے سارے معاملات جڑے ہوئے ہیں، حکومت معیشت کو ٹھیک کرے گی تو سب ٹھیک ہوگا، سیاسی عدم استحکام کی کوئی بات نہیں، انشاء اللہ سیاسی و معاشی استحکام آئے گا۔