لاہور:(دنیا نیوز )مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف اہم ملاقاتوں کیلئے جاتی امرا سے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔
نوازشریف اسلام آباد میں اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، اسلام آباد میں دورے کے دوران آصف علی زرداری سے اسلام آباد ملاقات بھی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان گلے شکوے ختم کروائے جائیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عام انتخاب کے بعد کوشش کی گئی تھی لیکن آصف زرداری نے جاتی امرا جانے سے معذرت کرلی تھی، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو صرف شہبازشریف سے رابطے بحال رکھنے پر آمادہ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان دبئی میں ہونے والی ملاقات میں کچھ اہم اختلافات ہوئے تھے جس کے بعد باضابطہ رابطہ نہیں ہوسکا۔