اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ نوازشریف نے باضابطہ شہبازشریف کو وزیراعظم اور ایاز صادق کو سپیکر نامزد کر دیا۔
عطا تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت ہمارے قائد نوازشریف نے کی، نوازشریف کی پارٹی اور ملک کے لئے خدمات ہیں جن پر خراج تحسین پیش کیا گیا، شہبازشریف کو ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے پر بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ترقیاتی کام کئے اس پر پارلیمانی پارٹی اجلاس میں روشنی ڈالی گئی، ڈپٹی سپیکر کے لئے پیپلزپارٹی کے ساتھ آج باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا، اتحادی جماعتوں کے ساتھ آج شام کو مشترکہ پارلیمانی میٹنگ ہے۔
عطا تارڑ کا وزارت کے حوالے سے کہنا تھا کہ نہ کبھی خواہش کی نہ اظہار کیا، پارٹی جو ذمہ داریاں دے گی ان کو نبھاؤں گا، گورنر بلوچستان کے لئے پارٹی قیادت جلد فیصلہ کرے گی۔