بلوچستان میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری

Published On 02 March,2024 08:18 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق خاران میں موسلا دھار بارش کے باعث 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا، بارش سے 2 گھر تباہ اور 5 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

گوادر میں موسلا دھار بارش سے 50 گھر مکمل تباہ ہوئے جبکہ 90 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے، بارش سے 15 گھروں کی چار دیواری اور 2 سڑکیں بھی متاثر ہوئیں۔

محکمہ پی ڈی ایم اے کے مطابق کیچ میں موسلا دھار بارش کے باعث 5 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 20 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، اس دوران کیچ میں 2 سڑکیں اور ایک پل بھی سیلابی ریلے کی زد میں آیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کوئٹہ میں بھی موسلادھار بارش سے 2 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے۔