راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
فورسز نے دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں آپریشن کیا، انٹیلی جنس بنیادوں پر ہونے والے آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ میں تین دہشت گرد جہنم واصل جبکہ 4 زخمی ہو گئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت معصوم شہریوں کیخلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔