آزاد کشمیر میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی نہ رکی

Published On 03 March,2024 06:29 pm

مظفرآباد:(دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں جاری بارش اور برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ، نالوں میں طغیانی نے تباہی مچا دی۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق مظفرآباد میں شدید برفباری سے وادی لیپا ، بالائی نیلم ، کھائی گلہ ، سدھن گلی کی شاہراہیں بند ہو گئیں ، نالوں میں طغیانی سے بھمبر نالہ میں گاڑی بہہ گئی جبکہ جہلم ویلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک گھر مکمل ، تین کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سدھنوتی میں شدید بارشوں کے باعث 5 گھر مکمل تباہ ہوئے ہیں، دو ماہ میں 4 افراد جاں بحق ، 1 خاتون زخمی ہوئی ہے ، شدید بارشوں ، برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے مجموعی 8 گھر مکمل 48 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے شیلٹر ہاؤس ، تین دکانیں اور 4 مویشی باڑے بھی تباہ ہوئے ہیں، برفباری سے سراں سے پیر چناسی ،وادی لیپا، وادی نیلم کے مختلف علاقوں کی شاہراہیں بند ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شاردہ سے کیل ، گریز ویلی، جہلم ویلی سے باغ جانے والی شاہراہیں سدھن گلی سے بند ہیں، بارش اور برفباری کے دوران شہری اور سیاحوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ بالائی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔