دیامر:(دنیا نیوز) پاک فوج اور سول انتظامیہ نے شاہراہِ قراقرم کے ضلع دیامر میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد متاثرین اور سڑکوں کی بحالی کیلئے دو روز ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا ۔
دیامر میں 36 گھنٹے تک مسلسل بارش ہونے کی وجہ سے شاہراہِ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر بند ہو گئی، اس موقع پر جی بی سکاؤٹس کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
شاہراہِ قراقرم میں پھنسے مسافروں اور گاڑیوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے پاک فوج نے موثر کوششیں کیں، 2 مارچ کو شاہراہِ قراقرم پر راولپنڈی سے گلگت سفر کرنے والے ڈاکٹر کو بمعہ فیملی ریسکیو کیا گیا مزید 20 گاڑیوں میں پھنسے افراد کو ریسکیو کر کے چلاس کی طرف منتقل کیا گیا۔
گلگت بلتستان سکاؤٹس کی جانب سے مسافروں کو کھانے پینے کی اشیا اور ادویات فراہم کی گئی، ایف ڈبلیو او اور سول انتظامیہ بھی پاک فوج کے ہمراہ سڑک کلیئرنس آپریشن میں پیش پیش رہی۔
ریسکیو ٹیموں نے شاہراہِ قراقرم پر آپریشن مزید موثر بنانے کے لئے ڈرون سے مدد بھی لی، پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے بروقت ریسکیو آپریشن کو متاثرہ خاندانوں نے خوب سراہا۔