لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ترقی کا جو سفر 2018 میں رکا تھا شہباز شریف وہ دوبارہ شروع کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے خوشخبری ہے کہ شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے، شہباز شریف نے پاکستان کو سری لنکا بننے اور ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، شہباز شریف نے دن رات پنجاب میں بہت محنت کی۔
یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب پنجاب میں مریم نواز کی معاونت کریں گی
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے ملک میں عجیب ہنگامہ آرائی کی ہوئی تھی، آج پارلیمان میں آکر پی ٹی آئی والے ہنگامہ آرائی کررہے ہیں، ہم نے کبھی شہدا کے مجسموں کو ٹھوکریں نہیں ماریں، 2013 والے نہ بدلے ہیں اور نہ بدلنے والےہیں، پی ٹی آئی والے یوں ہی شور کریں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کیاخیبرپختونخوا میں دھاندلی نہیں ہوئی جہاں وہ جیتے ہیں، پی ٹی آئی والوں کی سوچ اچھی نہیں ہے یہ ہم 10سال سے دیکھتے آ رہے ہیں، پی ٹی آئی والے 13 سال سے وزیراعظم کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں، پی ٹی آئی والوں کو استعفیٰ مانگنے اور ہنگامہ آرائی کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو پتاہے ن لیگ آئی تومہنگائی،بیروزگاری ختم کرے گی، ملک میں سیاسی ومعاشی استحکام آنا شروع ہوتا ہے یہ انہیں برداشت نہیں ہوتا، ہمارے پچھلے دور میں ترقی کا پہیہ تیزی سے چل رہا تھا، معیشت ترقی کررہی تھی، ملکی ترقی پی ٹی آئی والوں کو ہضم نہیں ہو رہی تھی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں ہمارے دور میں چیزیں سستی تھیں آج مہنگائی عروج پر ہے، شہباز شریف جو پنجاب میں ترقی کا معیار چھوڑ کر گئے تھے پی ٹی آئی دور میں تمام شعبوں کو ناکام اور ناکارہ کر دیا گیا،مریم نواز نے اسمبلی میں گالم گلوچ میں ایک لیڈر کے پاس جاکر اکٹھے ملکرملک کیلئے کام کرنے کی دعوت دی۔
ترجمان مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ آج وزیراعظم منتخب ہونے پر شہباز شریف کو دوست ممالک کی طرف سے مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں، یہ پاکستان کے دوست ممالک ہیں جو پاکستان میں استحکام دیکھنا چاہتے ہیں، شہباز شریف نے کہاہے ہم دوست ممالک کو قریب لائیں گے۔