لاہور: (دنیا نیوز) نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاذ احمد خان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں وکلا آزاد عدلیہ، آئین اور قانون کی حکمرانی میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔
نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 فیصد وکلا یا ان کے بھیس میں جو بار میں لوگ ہیں ان کی وجہ سے سب بدنام ہیں، ملک کے حالات آپ سب کے سامنے ہیں، موجودہ حالات میں عدلیہ اور وکلا ہی سب کی امید ہیں۔
جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے کہا کہ ججز بغیر کسی لالچ اور خوف کے فیصلے جاری کریں، پنجاب میں 14 لاکھ کیسز ہیں ان کو نمٹانے میں سب کردار ادا کریں، ماتحت عدلیہ کے ججز چیمبر کے بجائے کورٹ روم میں بیٹھنے کو ترجیح دیں، اللہ پاک نے جس مقام پر پہنچایا اللہ کا شکر گزار ہوں۔
نامزد چیف جسٹس نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ادارے کی بہتری کے لئے ماتحت عدلیہ کا کردار بہت اہم ہے، ماتحت عدلیہ کے ججز جتنا کام کرتے ہیں دوسرے اداروں کے لوگ نہیں کرتے، مجھے دو، تین ممالک کے عدالتی نظام کو دیکھنے کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کی سپریم کورٹ میں کل 70 کیس تھے، ہمارے ججز کے پاس ان کی کپیسٹی سے 5 گناہ زیادہ کیس ہوتے ہیں، ماتحت عدلیہ کے ججز میں سے چند ایسے لوگ ہیں جن کی اصلاح کی انتہائی ضرورت ہے، ماتحت عدلیہ میں 700 ججز کی کمی ہے اس کے باوجود ججز کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔
جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے مزید کہا کہ ملک کی بہتری کے لئے سب اپنا اپنا کردار ادا کریں، بطور چیف جسٹس ادارے کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا۔