مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی اجلاس ہوا جس میں وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
آزاد جموں و کشمیر کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بقاء اور سلامتی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سوشل میڈیا اور سائبر کرائم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سائبر کرائم کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، سوشل میڈیا پر نفرت آمیز بیانات دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور سائبر کرائم کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف ریاست کارروائی کرے گی، رائج الوقت سوشل میڈیا اور سائبر کرائم کے قوانین کو موثر بنانے کیلئے ترامیم تجاویز کر کے 24 گھنٹے میں پیش کی جائیں، مدارس میں ملت پاکستان سے یکجہتی، اتفاق و اتحاد کا پیغام عام کرنے کیلئے سیمینار منعقد کروائیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ ہنر مند کشمیر پروگرام کا آغاز 15مارچ کے بعد کر دیا جائے گا، حکومت نے 1 ارب 50 کروڑ روپے ہنر مند پروگرام کیلئے مختص کر رکھے ہیں، انتظامیہ، پولیس اور سکیورٹی اداروں کے باہمی روابط سے امن و امان بحال رکھا جا سکتا ہے۔