سرگودھا: (ویب ڈیسک) مایہ ناز طبی ماہر ڈاکٹر تصور اسلم بھٹہ کی کتاب ’’زبان یار من ترکی‘‘ کی تقریب رونمائی ہوئی۔
تقریب سرگودھا یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، یہ ترکی پر ایک تحقیقی اور تاریخی سفرنامہ ہے جو تین سال میں مکمل ہوا، کتاب میں عثمانی ترکوں کے دور حکومت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر نے کی، تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے بہت سے معززین نے شرکت کی، سرگودھا یونیورسٹی اور لاہور یونیورسٹی سرگودھا کیمپس کے طلباء اور طالبات بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر نے ترکی اور پاکستان کے دیرینہ سماجی، سیاسی ثقافتی تعلقات پر روشنی ڈالی، ڈین اردو اور آرٹس ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس نے کتاب کے حوالے سے اپنے خصوصی خطاب میں کہا ’’زبان یار من ترکی‘‘حیرت انگیز سفر پر مبنی کتاب پاکستان اور ترکی کے درمیان عمیق تعلقات کی عکاسی کرتی ہے اور ڈاکٹر تصور بھٹہ کا قلم تاریخ، ثقافت اور دونوں ممالک کے مابین گہرے جذباتی بندھن کو نمایاں کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’زبان یار من‘‘ محض ایک کتاب نہیں بلکہ دو قوموں کے درمیان موجود بے پناہ محبت، احترام اور باہمی اشتراک کی ایک زندہ مثال ہے، اس سفرنامے کے ذریعے مصنف نے ترکی کی زمینوں پر اپنے قدم رکھنے کے لمحات کو بیان کیا ہے، جہاں ہر گوشہ، ہر بستی اور ہر شہر پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ دوستی کی کہانیاں سناتا ہے۔
مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس، پروفیسر منتظر مہدی، پروفیسر ڈاکٹر عاصم محمود، پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس شامل تھے، وی سی سرگودھا یونیورسٹی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، تمام شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کتاب کی تحقیق، اشاعت اور کتاب کی خوبصورتی کو بہت سراہا۔