پنجاب کی نومنتخب کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب، اہم فیصلے متوقع

Published On 07 March,2024 04:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی نومنتخب صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کریں گی، صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں رمضان پیکیج کی منظوری لی جائے گی، اس کے علاوہ متعدد اہم فیصلے بھی کیے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز پنجاب کی 18 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبائی وزراء سے حلف لیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حلف اٹھانے والے تمام وزراء کو مبارکباد دی اور نئی کابینہ کے ارکان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پنجاب کابینہ میں مریم اورنگزیب، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، خلیل طاہر سندھو، مجتبیٰ شجاع الرحمان، عظمیٰ بخاری، عاشق حسین شاہ، کاظم پیرزادہ، رانا سکندر حیات، ذیشان رفیق، بلال اکبر، صہیب احمد ملک، رمیش سنگھ اروڑہ، فیصل ایوب، شافع حسین اور سہیل شوکت بٹ شامل ہیں۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان وزیر خزانہ، مریم اورنگزیب کو پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، انوائرمنٹ، فاریسٹ، عظمیٰ بخاری کو انفارمیشن اینڈ کلچر، خواجہ سلمان رفیق کو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ، خواجہ عمران نذیر کو محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، بلال یاسین کو خوراک کی وزارت دی گئی ہے۔

طاہر خلیل سندھو ہیومن رائٹس، چودھری شافع حسین محکمہ انڈسٹریز، فیصل ایوب کھیل، رمیش سنگھ اروڑہ اقلیتی امور، عاشق حسین کرمانی محکمہ زراعت، کاظم پیرزادہ محکمہ آبپاشی اور رانا سکندر حیات پرائمری ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے۔