کراچی (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اپنی پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر شہید اور قومی و جمہوری ہیرو قرار دینے کی قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سپریم کورٹ کی بھٹو قتل ریفرنس کے حوالے سے جاری ہونے والی رائے پر اراکین نے اظہار خیال کیا۔ اس دوران وزیراعلیٰ سندھ نے ایوان میں قرارداد پیش کی۔
قرارداد کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر شہید اور دیگر قومی اور جمہوری ہیرو قرار دیا جائے، سندھ میں پیش کردہ قرارداد کو منظور کرلیا گیا جبکہ تمام جماعتوں نے بھی اس کی حمایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے جب آئی تو بلاول کی بھی آنکھیں نم تھیں، ہمارے دل خوش تھے کہ شہید کو انصاف ملا مگر ہماری آنکھیں نم تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ریفرنس پر رائے دی ہے، جو ظلم ہوا اس کو ختم کرنے کیلئے آئین میں ترامیم کرنا ہوں گی، ہمیں یقین ہے کہ ایم کیوایم کے ساتھی بھی یہاں ہمیں سپورٹ کریں گے۔