اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور پراجیکٹ کے 5 ریفرنس میں سے ایک ریفرنس پر 29 اپریل کو دلائل طلب کر لئے۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے راجہ پرویز اشرف ودیگر کیخلاف رینٹل پاور پراجیکٹ مقدمے کی سماعت کی۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر خواجہ منظور لون نے بتایا کہ ایک ریفرنس میں ابھی تک چارج فریم نہیں ہوسکا جبکہ ایک اور ریفرنس میں چارج فریم ہو چکا ہے اور شواہد کی حد تک پہنچ گیا ہے۔
پراسیکیوٹر کا مزید کہنا تھا کہ رینٹل پاور پراجیکٹ کے ایک ریفرنس میں ابھی تک 4 گواہان کے بیانات قلمبند ہوئے ہیں۔
احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر گواہان کو عدالت بلائیں اور جن گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں ان پر جرح کریں۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔