اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات کا دورہ کیا، محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات میں اپنا دفتر استعمال نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میرے لئے ایک ہی دفتر کافی ہے، دو وزارتوں میں دفاتر وسائل کا ضیاع ہے، وزارت انسداد منشیات میں میرے دفتر کے سٹاف کو کسی اور شعبے میں تعینات کیا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات میں منسٹر آفس بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منسٹر آفس کی افرادی قوت کو وزارت میں دیگر ضروری جگہوں پر استعمال کیا جائے۔
بعد ازاں محسن نقوی کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، وفاقی وزیر کو وزارت کے امور کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے منشیات کا سدباب وقت کی اہم ضرورت ہے، تمام وسائل کو بروئے کار لاکر منشیات کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا کہ منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں سے کسی صورت نرمی نہیں برتی جائے گی۔