کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ نے محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کو مکمل فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا، سندھ بھر میں آئندہ ہفتے سے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، سیکرٹری ایکسائزعاطف الرحمان، ڈی جی ایکسائز اورنگزیب پنہور، ڈی جی ایکسائز ایڈمن اور دیگرشریک ہوئے، اجلاس میں صوبائی وزیر کو محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر برائے ایکسائزوٹیکسیشن ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ڈی جی ایکسائز دفتر کا دورہ کیا، دفتر اور حکام کے مسائل کے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کو مکمل طور پر فعال کرکے بروئے کارلایا جائے، آئندہ ہفتے سے سندھ بھرمیں منشیات فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے، آئیس، ہیروئن، چرس، شراب سمیت تمام اقسام کی منشیات کا خاتمہ یقینی بنایاجائے، کراچی میں نارکوٹکس کنٹرول یونٹ کی 16 ٹیمیں فعال کی جائیں گی۔
اجلاس میں گاڑیوں کی ری نیوئل کو ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی سے مشروط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، روٹ پرمٹ کو بھی ٹیکس کی ادائیگی سے مشروط کیا جائے گا۔