لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو مینڈیٹ چوری کرانے کی سخت سے سخت سزا دینی چاہیے بلکہ ان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ سب کے سامنے ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، ہمارے جیتے ہوئے ایم پی ایز اور ایم این ایز کو ہرایا گیا، الیکشن میں انہوں نے دھاندلی کر کے حکومت بنا لی۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا سیزن دوبارہ شروع ہوگیا ہے، ہمارے کارکنان کو 9 ماہ بعد 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کیا جا رہا ہے، ہمارے کارکن پرامن احتجاج کرتے ہیں ان کو گرفتار کر لیا جاتا ہے، کارکنان کے خلاف دہشت گردی کے بے جا مقدمات درج کئے جاتے ہیں، اب ان کو کس چیز کا ڈر ہے۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے دور میں بلاول بھٹو نے لانگ مارچ کیا، مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) نے بھی لانگ مارچ کیا، ہم نے کسی کو گرفتار نہیں کیا، پرامن احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز ساڑھے 3 ماہ جیل میں گزار کر آبدیدہ ہوگئیں جبکہ پی ٹی آئی کی خواتین 11 ماہ سے جیل میں ہیں۔