مونس الہٰی کے انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹسز سے متعلق رپورٹ طلب

Published On 16 March,2024 10:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) عدالت نے سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کی انٹرپول پولیس کے ریڈ نوٹسز سے متعلق آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔

سپیشل سینٹرل کورٹ لاہور کے جج تنویر احمد شیخ نے مونس الہٰی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر مونس الہٰی کے انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹسز سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

تحریری حکم میں عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے لاہور نے مونس الہٰی کی جائیدادیں منجمد کرنے کی رپورٹ پیش کی، رپورٹ کے مطابق جائیداد، گاڑیوں کا شوروم اور کمپنی میں شیئرز کو منجمد کیا گیا۔

عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو پرویز الہٰی کے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی پر دستخط کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ پرویز الہٰی کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کروانے کے حکم پر عملدرآمد کروائے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالت کیس کی سماعت 18 اپریل تک ملتوی کرتی ہے۔