پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے اپنی خالی نشست پر بھائی کو الیکشن لڑانے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ این اے 44 ڈی آئی خان کی نشست چھوڑ دی ہے، اس پر میرا بھائی الیکشن لڑے گا اور انشاء اللہ ہم کامیاب بھی ہوں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کسی کا رشتہ دار ہونا کوئی جرم تو نہیں، اگر رشتہ دار میرٹ پر نہ ہو تو ان کو آگے لانا موروثی سیاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بھی مجھ سے پوچھا تھا کہ اپنے بھائی کو کہاں پر ایڈجسٹ کر رہے ہو، میں نے بانی پی ٹی آئی کو بھی کہا کہ وہ میری خالی نشست پر ضمنی الیکشن لڑے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ دنیا میں ترقی وہی انسان کرتا ہے جو کسی اور کی ترقی پر خوش ہوتا ہے، جو لوگ اچھا کر رہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، تنقید اصلاح کے لئے ضروری ہے، پازیٹو تنقید سے بندہ سیکھ جاتا ہے۔