اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اقوام متحدہ میں امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا، افسوس امت مسلمہ کا لیڈرآج جیل میں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ پوری دنیا میں ظلم بھی مسلمان پر ہو رہا ہے اور انہیں ہی دہشت گرد کہا جاتا ہے، کبھی کوئی نہیں کہتا ہندو، یہودی دہشت گرد ہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسلامو فوبیا کے خلاف بڑا کام کر گئے، جلد ہی بانی پی ٹی آئی وزیراعظم بن کر اقوام متحدہ میں دوبارہ امت مسلمہ اور فلسطینیوں کا مقدمہ لڑیں گے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ثابت کیا کہ تحریک انصاف موروثی جماعت نہیں ہے، پیپلز پارٹی، (ن) لیگ میں کوئی پارٹی چیئرمین بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا، بانی پی ٹی آئی نے اپنی سیٹ پر گوہرخان کو بٹھا دیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل میں کہا کسی سے انتقام نہیں لوں گا، سلام ہے بانی پی ٹی آئی کو جو فتح مکہ کی بات کرتا ہے۔