اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم کوئی غلام نہیں ہیں، کسی ملک کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، بانی پی ٹی آئی غلامی سے انکار کے باعث ہی آج جیل میں ہیں۔
تقریب سے خطاب رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف شہادتوں پر سب سے پہلے بانی پی ٹی آئی نے آواز بلند کی، کسی سیاسی لیڈر کو جرأت نہیں تھی کہ پہلے امریکا کے خلاف بات کرے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلاموفوبیا کے خلاف دنیا میں آواز بلند کی، انہوں نے دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کی بات کی، ہمیں اپنے لیڈر پر فخر ہے، ہم اپنے لیڈر کے سبق کو نہیں بھول سکتے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم دبنے والے نہیں ہیں،ہم اپنے لیڈر کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، انشاء اللہ جلد بانی پی ٹی آئی رہا ہوں گے، اگر ہماری آواز کو نہ سنا گیا تو پھر ہم سڑکوں پر ہوں گے۔