اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چودھری کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار حبا فواد کی جانب سے وکیل قیصر امام عدالت کے روبرو پیش ہوئے، سرکار کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ اور سٹیٹ کونسل زوہیب حسن گوندل پیش ہوئے۔
وکیل قیصر امام نے کہا کہ ایف آئی اے اور پولیس کی رپورٹس آگئی ہیں، ایف آئی اے کے پاس لاہور اور اسلام آباد میں دو انکوائریاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فواد چودھری کے خلاف پنجاب پولیس کے پاس 29 مقدمات درج ہیں، فواد چودھری کے خلاف اسلام آباد پولیس کے پاس بھی 3 مقدمات درج ہیں، فواد چودھری کے خلاف خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت اور آزاد کشمیر کوئی مقدمہ نہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ان مقدمات میں ریلیف کے لیے آپ متعلقہ عدالتوں سے رجوع کر سکتے ہیں، عدالت نے مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی پر حبا فواد کی درخواست نمٹا دی۔