اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا کی مذمت کی۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق جعلی اور جھوٹے مقدمات خیبرپختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہیں، عوام کے مینڈیٹ کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹنے والے اپنی شرانگیزیوں سے باز نہیں آرہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وارنٹ گرفتاری کا اجرا اشتعال انگیز فعل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ 9 مئی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت 12 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری
ترجمان نے مزید کہا کہ اگر خیبرپختونخوا سے وزیراعظم یا وزیراعلیٰ پنجاب کے وارنٹس جاری ہوئے تو وفاق کس نگاہ سے دیکھے گا؟ وفاق کو استحکام اور باہمی احترام کے ذریعے قومی وحدت و یگانگت کی ضرورت ہے، اس قسم کے شرمناک اقدامات سے قومی وحدت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ وفاق کو جعلی مقدمہ بازی اور انتقامی ہتھکنڈوں کی بھینٹ چڑھانا بند کیا جائے۔