شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر

Published On 20 March,2024 02:06 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز آج شیریں مزاری کی درخواست پر سماعت کریں گی، سابق وفاقی وزیر کی جانب سے دائر درخواست میں سیکرٹری داخلہ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کیا گیا تھا، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے ان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا میمورنڈم جاری کیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دسمبر میں شیریں مزاری کا پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ درخواستگزار کسی مقدمے میں مفرور یا اشتہاری نہیں، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ایک ہفتے میں نام پی سی ایل سے نکال کر رپورٹ جمع کرائیں۔