کوئٹہ :(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا ہے کہ ناراض بلوچوں کو منانے خود جاؤں گا، بنگلزئی کو قومی دھارے میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتاہوں۔
کوئٹہ میں قومی دھارے میں شامل ہونے والے نوجوانوں کے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ کچھ ہماری غلطیاں بھی ہیں،حقیقت اور تاثر میں بہت فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں،ملک میں بگاڑ کا حق کسی کو نہیں ہے ، ناراض بلوچ تو وہ ہے جس کو ہم پیسے لےکر نوکری دیتے ہیں،میں انہیں منانے جاؤں گا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بندوق کا استعمال کرنے والا ناراض نہیں ہے،بندوق اٹھانے والا میری قوم کا قاتل ہے،بلوچستان کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے،ہمارے جو بھی حقوق ہیں ہم وہ لے کر رہیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سالوں سے بلوچستان کے لوگوں کے اندر نفرت گھولی جارہی ہے، ہمارے نوجوانوں کو بیرونی طاقتیں منظم طور پر استعمال کررہی ہیں، بلوچستان میں منظم دہشتگردی کی مہم چلائی جارہی ہے۔
سرفرازبگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف فوج کی نہیں بلکہ سب کی ہے، ہم سب نے ریاست کے ساتھ رہنا ہے، ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے، ہم نے اپنے وسائل اور ریزرو کو بڑھانا ہے، کرپشن ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے، اگر کرپشن پر 10فیصد بھی قابو پالیا تو تاریخ میں ہمارا نام آجائے گا۔
انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کے پاس بےنظیرکے قاتلوں کو معاف کرنے کااختیار ہے۔
اس موقع پر سرفراز بنگلزئی نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسند گروپ کے اہم کارندے قومی دھارے میں شامل ہونے کے بعد اچھا سلوک کیا جارہا ہے، آزادی اور سرزمین کے نام پر لوگوں کو اکسایا جارہا ہے، عوام کو بچانے کے لیے قومی دھارے میں شامل ہوا ہوں۔