ڈی آئی خان: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا رشوت کے حوالے سے بیان افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا وفاق کے حوالے سے رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے، وفاق سے ان کے تعلقات اچھے نہیں ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ٹی ایم اے ڈیرہ مالی طور پر مستحکم ادارہ تھا، ٹی ایم اے کے مالی بحران کے ذمہ داروں کو اینٹیں مارنے کیلئے ٹرک بھی ناکافی ہوجائیں گے۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ یہ اینٹیں وزیراعلیٰ کے گھر تک بھی جائیں گی، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ٹائیگر فورس کا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ مخصوص نشستوں پر کامیاب اراکین سے حلف نہیں لے رہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ہم وفاق سے رابطہ کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ سابق صوبائی وزیر سردار ثنا اللہ خان میاں خیل کی وفات پر علاقہ میں ایک خلا پیدا ہوا ہے، وہ ایک بہترین انسان اور پارلیمنٹرین تھے۔