یوم پاکستان : سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں اعلیٰ ترین سول اعزازات دینے کی تقاریب

Published On 23 March,2024 02:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یوم پاکستان کے موقع پر صوبہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں سول اعزازات دینے کی تقاریب ہوئیں ، تعلیم ، صحت ،کھیل ، فن اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں سے منسلک افراد کو تمغہ امتیازسے نوازا گیا۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے گورنر ہاؤس پنجاب میں  اعزازات دینے کی تقریب ہوئی جس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اہم شعبوں میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو سول اعزازات سے نوازا۔

گورنر پنجاب نے ڈاکٹر ندیم جاوید کو ان کو سی پیک کی طویل المیعاد منصوبہ بندی کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے نوازا۔

ڈاکٹر ندیم جاوید کو 2022ء میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے منصوبے کے اعتراف میں بھی ایوارڈ دیا گیا، منصوبہ بندی کمیشن میں اصلاحات کے حوالے سے بہترین خدمات انجام دینے پر بھی ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔

تعلیم کے شعبے میں شاندار کارکردگی پر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کو تمغہ امتیاز سے نوازاگیا،اسی طرح اداکاری میں بہترین کارکردگی پر سجل علی کوتمغہ امتیاز سے نوازاگیا۔

جگن کاظم کو بہترین اداکاری پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ، ڈاکٹر شاہد منیر،ڈاکٹرمحمد یار،ڈاکٹرعامرسعید،ڈاکٹر محمد ضیا کو تمغہ امتیازسے نوازا گیا جبکہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کوبھی تمغہ امتیازدیا گیا۔

گورنر ہاؤس سندھ میں تقریب 

گورنر ہاؤس سندھ میں یوم پاکستان کےموقع پرمختلف شعبہ زندگی سےتعلق رکھنےوالوں میں ایوارڈدینے کی تقریب ہوئی ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے زندگی کےمختلف شعبوں سےتعلق رکھنےوالے76 افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کیا۔

تقریب میں نظامت کے فرائض چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ انجام دے رہے ہیں، تقریب میں صوبائی سیکریٹریز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کاروباری شخصیت عارف حبیب، سابق چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت، مفتی منیب الرحمٰن اور این ای ڈی یونیورسٹی سے منسلک ڈاکٹر نعیم اظفر کو ستارہ امتیاز سے نوازا۔

اس کے علاوہ کاروباری شخصیت عزیز میمن، آئی جی پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام اور ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔

 اداکار عدنان صدیقی اورقادربخش مٹوکو تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازاگیا۔

گورنر سندھ  نے 18 افراد کو ستارہ امتیاز، 8کوصدارتی تمغہ برائےحسن کارکردگی،7 کوتمغہ شجاعت اور43 افرادکو تمغہ امتیاز سے نوازا۔

گورنرہاؤس بلوچستان

قائم مقام گورنربلوچستان عبدالخالق اچکزئی نے مختلف شخصیات کو اعزازات سے نوازا، قائم مقام گورنر  نے عبدالقدوس بزنجو، عبدالکریم بریالائی اور لال جان جعفر کو ستارہ امتیاز سے نوازا۔

Advertisement