کراچی: (دنیا نیوز) نائب صدر پیپلز پارٹی اور سینیٹر شیری رحمان نے اہل وطن کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ ہر شہری کیلئے جدوجہد اور اتحاد کی ایک طاقتور علامت ہے، 23 مارچ 1940 کو قرارداد لاہور منظور کی گئی جس میں برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد اور خود مختار مسلم ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس قرارداد نے بالآخر 1947 میں پاکستان کے قیام کی راہ ہموار کی جو ہمارے قومی ہیروز کی انتھک جدوجہد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میں قائد اعظم محمد علی جناح سمیت تمام بانیانِ پاکستان اور اس جدوجہد میں شامل ہر فرد کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، قائداعظم ایک ایسے پاکستان کا قیام چاہتے تھے جس میں ترقی، شمولیت اور ہم آہنگی ہو۔