پشاور: (ویب ڈیسک) ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا نے سمندر پار پاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کر دی۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور کے مطابق جن سمندر پار پاکستانیوں کو خیبر پختونخوا سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں اب وہ اس کی آن لائن تجدید کی سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں، خیبر پختونخوا سمندر پار پاکستانیوں کے لئے یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لئے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے متعلقہ سفارتخانے کے توسط سے بذریعہ ای میل درخواستیں دے سکتے ہیں، درخواست گزاروں کی دستاویزات کے نقول کی تصدیق کے بعد تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کر دیا جائے گا۔
تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس درخواست گزار کے نامزد کردہ مقامی شخص کے حوالے کیا جائے گا، ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا نے اس سلسلے میں دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز کو آگاہ کرنے کے لئے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، خیبر پختونخوا حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں۔