پشاور: (دنیا نیوز) ناران میں گملا اور چپران کا 4 سالہ پرانہ گلیشیئر پھٹنے سے ہونے والے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ مرتب کر لی گئی، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے کمشنر ہزارہ ڈویژن کو رپورٹ ارسال کردی۔
رپورٹ کے مطابق رات کو 10 بجے گلیشیئر پھٹنے سے تقریباً 20 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا اور نقصان پہنچنے والے مکانات میں ہوٹل، کچے گھر شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں سٹرکیں اور موبائل سنگلز بند ہیں جس سے مشکلات کا سامنا ہے، اصل نقصانات کا جائزہ سٹرکیں کھلنے کے بعد ممکن ہو گا۔
برفانی گلیشیئر سے تباہی
یاد رہے کہ گزشتہ رات خیبرپختونخوا کے مشہور سیاحتی مقام ناران میں برفانی گلیشیئر نے تباہی مچا دی، ناران جھیل روڈ پر موجود متعدد ہوٹل گلیشیئر کے نیچے دب گئے۔
پہاڑوں سے برفانی گلیشیئر گرنے کا واقعہ ناران سے سیف الملوک جھیل جانے والی شاہراہ پر پیش آیا، برف تلے دبنے سے متعدد ہوٹل تباہ ہو گئے جبکہ مختلف مقامات پر گلیشیئر کے باعث شاہراہ کاغان مکمل طور پر بند ہو گئی۔
متاثرین کیساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے: شبیر خان
ڈی جی کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد شبیر خان نے بتایا کہ ناران میں متاثرین کیساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے، نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی، ناران روڈ بحال ہونے کے فوراً بعد متاثرہ افراد کی بحالی میں مدد کریں گے، نقصانات کے حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی بالاکوٹ امین الحسن خان نے کہا کہ ناران میں درجنوں ہوٹل تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں، تحصیل انتظامیہ اور محکمہ مال کے ساتھ ملکر ابتدائی معلومات لے رہے ہیں۔