گورنر کے پی کا اجلاس بلانے کا معاملہ، سیکرٹری اسمبلی نے قانونی رائے طلب کر لی

Published On 21 March,2024 08:32 pm

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے اسمبلی اجلاس طلب کرنے پر سیکرٹری اسمبلی کفایت اللہ آفریدی نے قانونی رائے طلب کر لی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے اراکین کی حلف برداری کے لئے گورنر نے آج اسمبلی اجلاس طلب کیا ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ نے گورنر کے احکامات پر اجلاس بلانے کے لئے محکمہ قانون و پارلیمانی امور کو خط ارسال کر دیا۔

سیکرٹری صوبائی اسمبلی کفایت اللہ آفریدی نے محکمہ قانون کو سوالات ارسال کئے کہ کیا آرٹیکل 109 گورنر کو اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا اختیار دیتا ہے؟ کیا گورنر کا صوابدیدی اختیار ہے یا کابینہ یا وزیراعلیٰ کے مشورے سے اسمبلی اجلاس طلب کیا جاتا ہے؟

خط میں پوچھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی مخصوص نشستوں سے متعلق اعلامیہ کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ میں زیر التواء کیس کی موجودہ صورتحال کیا ہے؟ آرٹیکل 54 کی شق 2 اور 3 کے تحت اراکین اسمبلی کے مطلوبہ تعداد کے دستخطوں کے بغیر گورنر کا خط قانونی طور پر درست ہے؟۔

خط میں سوال کیا گیا ہے کہ پہلے اجلاس کے بعد اسمبلی کا اجلاس بلانے کی قانونی حیثیت صورتحال کیا ہے؟ کیا ہوگا اگر گورنر کا حکم آئین کےحکم کے مطابق نہیں ہے؟۔