ناران میں گلیشیئر نے تباہی مچا دی، متعدد ہوٹل تباہ، شاہراہ کاغان مکمل بند

Published On 22 March,2024 12:49 am

بالاکوٹ: (دنی انیوز) خیبرپختونخوا کے مشہور سیاحتی مقام ناران میں برفانی گلیشیئر نے تباہی مچا دی، ناران جھیل روڈ پر موجود متعدد ہوٹل گلیشیئر کے نیچے دب گئے۔

تفصیلات کے مطابق پہاڑوں سے برفانی گلیشیئر گرنے کا واقعہ ناران سے سیف الملوک جھیل جانے والے شاہراہ پر پیش آیا، برف تلے دبنے سے متعدد ہوٹل تباہ ہو گئے جبکہ مختلف مقامات پر گلیشیئر کے باعث شاہراہ کاغان مکمل طور پر بند ہو گئی ہے، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا۔

ڈی جی کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد شبیر خان نے بتایا کہ ناران میں متاثرین کیساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے، نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی، ناران روڈ بحال ہونے کے فوراً بعد متاثرہ افراد کی بحالی میں مدد کریں گے، نقصانات کے حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی بالاکوٹ امین الحسن خان نے کہا ہے کہ ناران میں درجنوں ہوٹل تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں، تحصیل انتظامیہ اور محکمہ مال کے ساتھ ملکر ابتدائی معلومات لے رہے ہیں۔