پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں خواتین کو وراثت کے حق سے محروم رکھنے کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا۔
وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کی رپورٹ کی کاپی دنیا نیوز کو موصول ہوگئی جس کے مطابق گزشتہ سال سے اب تک 699 کے قریب خواتین کو جائیداد میں اپنا حصہ نہ مل سکا۔
دستاویز کے مطابق 2023 سے اب تک 699 خواتین وراثت کے حق سے محروم ہیں، سال 2023 میں 613 خواتین کو جائیداد میں حصہ نہ ملا، رواں سال میں اب تک 86 کیسز سامنے آئے ہیں، وفاقی محتسب 699 میں سے صرف 2 خواتین کو جائیداد میں حصہ دلوا سکیں۔
پشاور میں سب سے زیادہ 343 خواتین کو جائیداد میں حصہ نہیں ملا، مردان میں 55 خواتین کو وراثت کے حق سے محروم رکھا گیا۔
ذرائع وفاقی محتسب کے مطابق جائیداد کے کیسز میں وقت زیادہ چاہیے ہوتا ہے، قانونی کارروائی میں وقت زیادہ لگنے کے باعث کیسز حل ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے، مخالف فریق کو پیش ہونے کے 2 سے 3 مواقع دیئے جاتے ہیں، پیش نہ ہونے کی صورت میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں۔