پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پشاور میں وزیراعلیٰ ہاؤس آمد، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وفاقی وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، محسن نقوی اور علی امین گنڈاپور نے خود کش حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا، چینی حکومت، عوام اور مرنے والے چینی شہریوں کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔
محسن نقوی نے حملے کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم کیا، انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کے عناصر قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے، وفاقی وزیر داخلہ نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مؤثر کوآرڈی نیشن کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے، پوری طاقت سے ملک دشمنوں کو جواب دیں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے، خیبرپختونخوا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ امن و امان موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔