پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق کے ساتھ مالی مسائل مستقل بنیادوں پرحل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے مالی مسائل کے مستقل بنیادوں پرحل کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ فاقی محکموں کے ساتھ مالی معاملات پربات چیت کی جائے گی اور وفاق کے ساتھ ابتدائی طور پر 7 اہم مسائل اٹھائے جائیں گے جن میں سے ضم اضلاع کا ترقیاتی بجٹ جاری کرنے کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پراٹھایا جائے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وفاق اور صوبے میں ایف بی آر اور کیپرا کے درمیان ٹیکس کے مسائل حل ہونے چاہئیں، این ایف سی اور نیٹ ہائیڈل پرافٹ منصوبے کے تحت ملنے والے بقایاجات کو مستقل حل کرنے کی ضرورت ہے۔
خط کے متن کے مطابق خام تیل پر ونڈ فال لیوی اور وفاق پر فروخت کی گئی بجلی کے مد میں واجبات پر بات چیت کی جائے، خام تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور دیگر اہم مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خط میں وزیراعظم آفس سے وقت دینے کی درخواست کریں گے تاہم خط کچھ ہی دنوں میں وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں وفاقی اداروں سے زیر التوا مسائل حل کرنے کی خواہش ہے۔