ترکیہ کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: گورنر سندھ کامران ٹیسوری

Published On 30 March,2024 05:18 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

گزشتہ روز ترکیہ کے سفارتخانے کی طرف سے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، تقریب میں یتیم اور خصوصی بچوں کو بھی خاص طور پر مدعو کیا گیا۔

افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ یتیم و خصوصی بچوں کے ساتھ وقت گزار کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے، انسانیت کی خدمت کرنے سے نہ صرف اللہ رب العزت خوش ہوتا ہے بلکہ دنیا و آخرت بھی سنور جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہاں شریک تمام بچوں کو گورنر ہاؤس میں افطار کی دعوت دیتا ہوں، جو کچھ ان بچوں کیلئے کیا جا رہا ہے وہ اجر عظیم کا باعث ہے، یہی بچے آگے جا کر ملک کا نام روشن کریں گے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا ہے کہ پاک ترکیہ تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار، مذہبی مماثلت پر مبنی ہیں، پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔