لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی چائینیز قونصلیٹ آمد، آئی جی پنجاب نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرن سے ملاقات کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قونصل جنرل ژاؤ شیرن سے شانگلہ خودکش حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ منتظر مہدی، اے آئی جی آپریشنز پنجاب ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، چینی قونصل خانے کے افسر بھی موقع پر موجود تھے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں، چینی شہریوں کے سکیورٹی یقینی بنانے کا عزم کیا، آئی جی نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کے تناظر میں چینی ماہرین اور شہریوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے۔
آئی جی نے مزید کہا کہ چینی باشندوں کی آمدورفت کے تمام روٹس پر ضلعی پولیس اور پی ایچ پی پٹرولنگ مزید سخت اور مؤثر کر دی گئی ہے، چینی باشندوں کے روٹس پر سپیشل پولیس پوسٹوں کے ذریعے مشکوک افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔
چینی قونصل جنرل نے مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین اور شہریوں کی سکیورٹی پراطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس سی پیک سمیت مختلف پراجیکٹس پر چینی شہریوں کو بہترین سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی شہریوں کی سکیورٹی، رہائش گاہوں، دفاتر، ورکنگ سائٹس کی سکیورٹی انتہائی جانفشانی سے سرانجام دے رہی ہے، پنجاب پولیس اور چین کے درمیان انفارمیشن شیئرنگ اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔