پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف نہ لینے کے معاملے پر منتخب ارکان نے پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود ممبران سے حلف نہیں لیا گیا، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے ارکان کو سینیٹ انتخابات میں ووٹ کا حق نہ دے کر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کر کے نااہل قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی سے حلف لینے کی ہدایت کی تھی اور انہیں حکم دیا تھا کہ وہ درخواست گزاروں کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کیساتھ ساتھ اسے اس عمل میں سہولت فراہم کرے۔