جمعیت علمائے اسلام کا پیپلز پارٹی پر کچے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی کا الزام

Published On 03 April,2024 04:40 am

سجاول: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ صرف نظریاتی اختلافات ہیں۔

سجاول میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ ہمیں 2018ء کے انتخابی نتاٸج تسلیم نہیں تھے اور 2024ء کے انتخابات بھی تسلیم نہیں ہیں، اب فیصلہ تو میدان میں ہو گا، جمعیت علماء اسلام 2 مئی کو موجودہ حکومت کیخلاف کراچی میں دھرنا دے گی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما نے مزید کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہتے ہیں سندھ میں امن و امان خراب ہے، ہم یہ بات پہلے ہی کہہ رہے ہیں، تب تو شاہ صاحب نے میرے بیان کی بڑی مخالفت کی تھی، وزیر اعلیٰ سندھ آج کس منہ سے کہتے ہیں حالات خراب ہیں۔

راشد محمود سومرو نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کو پیپلز پارٹی کی سرپرستی حاصل ہے، کچے کے ڈاکؤوں کے پاس جدید اسلحہ کہاں سے آیا، کچے کے تمام پولنگ سے پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی اس سے ثابت ہو چکا ہے وہاں کے منتخب نمائندگان کو ڈاکوؤں کی سرپرستی حاصل ہے۔