ملک میں امن ہے اور نہ جمہوریت: فضل الرحمان کا چینی انجینئرز کی ہلاکت پر افسوس

Published On 27 March,2024 12:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شانگلہ میں خودکش حملے کے دوران چینی اور پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ برادر ملک چین کے شہریوں پر خودکش حملہ افسوسناک ہے، ملک میں نہ امن ہے نہ جمہوریت اور نہ ہی معیشت درست سمت جا رہی ہے، عرصہ دراز سے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر کے مجرموں کو فوری طور پر سزا دی جائے، بردار ملک سے تعزیت کرتا ہوں، ہماری جماعت جے یو آئی چین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی کانوائے پر خودکش حملے میں 5 چینی انجینئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی گنڈا پور نے بتایا کہ حملہ خودکش معلوم ہوتا ہے تاہم اس کی تحقیقات جاری ہیں، حملے میں ہلاک ہونے والے 5 غیرملکی باشندے ہیں، گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جا رہی تھی کہ راستے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آ گیا۔