لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے استنبول گرینڈ ایئر پورٹ (آئی جی اے) کے وفد نے ملاقات کی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر اتفاق کیا۔
وفد میں آئی جی اے بورڈ ممبر محمت کالیو نجو ، چیف ایئر پورٹ آپریٹنگ افسر اسماعیل پولات اور چیف کارپوریٹ افیئرز افسر ترگئے یمان شامل تھے، ملاقات میں ترکیہ کے لاہور میں تعینات قونصل جنرل درمش باستوع اور ترکیہ سفارتی عملے کے دیگر ارکان بھی موجود تھے، اس کے علاوہ ملاقات میں وفاقی وزیردفاع و ہوا بازی خواجہ آصف ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے ۔
وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر انحصار بڑھا رہا ہے، ہم دنیا بھر کے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم خاص طور پر برادر ملک ترکیہ سے سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ ہم اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لئے دستیاب سہولیات کو بڑھانے اور مزید بہتر کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سب سے پہلے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کچھ کمرشل آپریشنز کو آؤٹ سورس کرنے کی پیشکش کر رہا ہے، ائیر پورٹ آؤٹ سورسنگ کے تمام مراحل میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہو گی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں شہری ترقی (urban development) کے شعبے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کی بڑی گنجائش ہے، پاکستان اور ترکیہ دو برادر ممالک ہیں جن کے باہمی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شراکت داری بڑھانے کا یہی مناسب وقت ہے۔